سعودی عرب، یو اے ای کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

Last Updated On 05 September,2019 10:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے بھی شرکت کی جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید بن سلطان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود بھی شریک تھے جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب اور اماراتی وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب، امارات موجودہ چیلنجزسے نمٹنے، کشیدگی کے خاتمے، امن و سلامتی کے ماحول کے فروغ کیلئے پاکستان کیساتھ رابطے میں رہیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن اور سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں، عالمی برادری مودی سرکار کوغیر قانونی اقدامات روکنے پر زور دے، عالمی برادری کی ذمے داری ہے ہندوستان کو جارحانہ پالیسیوں سے روکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کا اس سلسلے میں اہم کردار ہے، بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں، عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، بھارت کی جانب سےعالمی توجہ ہٹانے کیلیے جعلی فلیگ آپریشن کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کیساتھ ملاقات میں خطے میں سکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور یو این قراردادوں کے منافی ہیں۔

شاہ محمود نے پاکستان کے اہم دورے پر آئے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے، خوراک اور ادویات میسر نہیں، بھارتی اقدام کا مقصد کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ اس نے یکطرفہ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی خصوص حیثیت تبدیل کی۔

اس سے قبل سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اہم ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نور خان ایئربیس پر دونوں معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تینوں وزرائے خارجہ نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اپنے سعودی اور اماراتی ہم منصوبوں کی پاکستان آمد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کے رابطوں کے بعد یہ اہم دورے ممکن ہوئے۔ دونوں معزز مہمان اکھٹے پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔

ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی اور یواے ای کے وزرائے خارجہ سے مشترکہ ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم اور آرمی چیف سے دونوں وزرائے خارجہ ملاقات کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر اس ملاقات کا سنگل پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے سامنے چند گزارشات بھی رکھی جائیں گی۔ پاکستانی قوم کی توقعات برادر ملکوں کے سامنے رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کی پاکستان سے کافی قربت ہے۔ اس اہم ملاقات میں عرب ممالک کو پاکستان اور کشمیریوں کا نقطہ نظر پیش کیا جائے گا۔

 

Advertisement