اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ افغان مسئلے کا حل سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ فریقین کے درمیان جلد مذاکرات کی بحالی اور دوبارہ رابطوں کے لیے پرامید ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کی معطلی پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تشدد کی مذمت کی ہے۔ افغان امن عمل میں نیک نیتی سے سہولت کاری فراہم کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے تمام فریقین کو مخلصانہ اور صبر کے ساتھ آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ اسلام آباد کا اصولی موقف ہے کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے۔ فریقین سیاسی مذاکرات کے ذریعے امن عمل کو آگے بڑھائیں۔