وزیراعظم شہزادہ سلمان کیساتھ ملاقات میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے: وزیر خارجہ

Last Updated On 17 September,2019 11:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی تنصیبات پر حملوں کے بعد وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو ٹیلیفون کیا ہے، عمران خان پرسوں سعودی عرب جا رہے ہیں وہاں پر مسئلہ کشمیر پر بات ہو گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حکومتوں سے بڑا مسئلہ ہے، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہے، مولانا فضل الرحمن خود کشمیر کمیٹی کے کئی سال چیئرمین رہے، ابھی تک انہوں نے کشمیریوں کے حق میں ایک ریلی نہیں نکالی۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کمیٹی میں تمام جماعتوں کودعوت دی گئی۔ اس بڑے مسئلے پر ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں۔ اس معاملے پر اپوزیشن کے سامنے مکمل خاکہ پیش کیا اوراعتماد میں لیا گیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کا ایک ایک موقف سنا گیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنیوا میں 58ممالک نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔ پہلی مرتبہ یورپی یونین کا بھی بیان آیا، یورپی یونین کے ایجنڈے میں کشمیرمسئلے پرآج بحث ہوگی۔ ہمیں اس مسئلہ پر متحد ہونا ہو گا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقدام پر راہول گاندھی نے بھی احتجاج کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کا میرا کوئی ارادہ نہیں، جے شنکر کو کہتا ہوں موجودہ صورتحال میں ملاقات نہیں کرسکتا۔
 

Advertisement