اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے اور گرفتاریوں کے خلاف اپوزیشن نے احتجاج کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی کیمپ لگالیا۔
احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے نواز شریف سمیت گرفتار دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ احتجاجی کیمپ میں نواز شریف، آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ کی تصاویر آویزاں کر دی گئیں۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر کا کہنا تھا حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہوا ہے، لوگ فاقوں پر آگئے، مشرف کے دور میں بھی ایسا نہیں ہوا، اتنے سارے لوگوں کو گرفتار کرنا اس سے قبل ہم نے نہیں دیکھا، لوگ جب آپ کے خلاف اٹھے گے آپکو پتا بھی نہیں چلے گا۔
نوید قمر نے مزید کہا آپ طاقت کے نشے میں خود کو بادشاہ سمجھ رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ کو اپنے حلقوں کی نمایندگی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے، اسمبلی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، یہ اسمبلی کو پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی طرح چلانا چاہتے ہیں۔
لیگی رہنما خواجہ آصف نے احتجاجی کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ احتجاج سپیکر قومی اسمبلی کے رویے کے خلاف ہے، پروڈکشن آرڈر جاری نہ کر کے اراکین کو حق سے محروم کیا ہے، سپیکر کے رویے اور قانون کی تشریح میں زمین آسمان کا فرق ہے، چیئرمین سینٹ پروڈکشن آرڈر جاری کر رہے ہیں، سپیکر نے کمیٹیوں کیلئے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کرنا روک دئیے، یوں معلوم ہوتا ہے سپیکر کی پارٹی سے وفاداری حلف کے سامنے آ رہی ہے۔