اسلام آباد: (دنیا نیوز) مراد سعید نے کہا ہے کہ پکوڑے اور فالودے والے سامنے آ رہے ہیں، ن لیگ نے آصف زرداری کو گھسیٹنے کی باتیں کی تھیں، یہی لوگ تھے جو خورشیدشاہ کو میٹر ریڈر کا طعنہ دیتے تھے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا آج جب ایوان میں داخل ہوا تو اپوزیشن کو کالی پٹیاں پہنے دیکھی، خوشی ہوئی دیر سے ہی سہی مگر اپوزیشن نے آج مسئلہ کشمیر پر کالی پٹیاں تو پہنی، بعد میں پتا چلا اپوزیشن کشمیر سے اظہار یکجہتی نہیں کر رہی بلکہ اپنا رونا رو رہی ہے، پارلیمنٹ اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے، بلاول بھٹو کبھی سندھودیس کی بات کرتے ہیں اور کبھی سرائیکی دیس کی بات ہوتی ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا اس وقت پورا کشمیر اس ایوان کی طرف دیکھ رہا ہے، آج بھارت کا ہندوتوا نظریہ بے نقاب کر دیا، پاکستان کا بیانہ پوری دنیا میں پہنچ رہا ہے، آج دنیا کا میڈیا پاکستان کی آواز پہنچا رہا ہے، کشمیری جب دیکھتے ہیں کہ آپ ایوان میں اپنا رونا رو رہے تو انہیں دکھ ہوتا ہے۔