کرپشن کیس: ممبر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی درخواست ضمانت منظور

Last Updated On 18 September,2019 03:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ممبر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی درخواست ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزم کو 50، 50 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سبطین خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب کی جانب سے پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا، نیب کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، بطور صوبائی وزیر معدنیات قانون پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ جس کمپنی کو ٹھیکہ دینے اور مفاد حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا اس سے کوئی تعلق نہیں جبکہ اس وقت کے وزیر اعلیٰ اور کابینہ کی منظوری سے ٹھیکہ دیا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت درخواست ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت منظور کر کے سبطین خان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
 

Advertisement