کراچی: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ آلو، ٹماٹر اور پیاز فروخت کر کے خسارہ کم نہیں کیا جاسکتا، ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنا ہوگا، 2022 میں پاکستان اپنا پہلا خلائی مشن بھیجے گا۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی، پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک تھا جس نے فائبر آپٹک بچھایا، ہم جنوبی ایشیا کا پہلا ملک تھے جس نے موبائل سروس شروع کی، جو ملک ہمارے ساتھ آزاد ہوئے تھے ان ممالک اور پاکستان میں آج صرف ٹیکنالوجی کا فرق ہے۔
بعدازں وزیر سائنس فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا مودی کو آئینہ دکھا دیا، مودی کا بھارت گاندھی کے بھارت سے مختلف ہے، گاندھی نے دو تحریکیں چلائیں، دونوں پرامن تھیں، گاندھی نے دنیا کو صبر کی طاقت دکھائی، امن و برداشت کا درس دیا، مودی کا بھارت گاندھی کی تعلیمات کے مخالف ہے۔