اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ظلم اور امن ساتھ نہیں چل سکتے، کچھ لوگ ایک ویڈیو کے ذریعے مخصوص سوچ پھیلا رہے ہیں کہ کمزور پاکستانی معیشیت کی وجہ سے کشمیر کو بھول جائیں، جنگ کی خواہش نہیں لیکن ہوئی تو بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیں گے۔
وفاقی وزیر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ" آج سے محرم شروع ہو گیا، کوفی نہ بنو، حسین کی للکار بن کر کھڑے ہو۔ ظلم اور امن اکٹھے نہیں چل سکتے"۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ " یہ نہیں ہو سکتا آپ ظالم کے ساتھ بھی ہوں اور مظلوم کےساتھ ہمدردی بھی، یا یزید سے مراسم ہوں گے یا حسین کو سلام ہو گا"۔
آج محرم شروع ہوا ہے کربلا کی کہانی شروع ہوئ ہے، کوفی نہ بنو ظلم کے سامنے حسین کی للکار بن کر کھڑے ہو، ظلم اور امن اکھٹے نہیں چل سکتے یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ ظالم کے بھی ساتھ ہو اور مظلوم کے ساتھ ہمدردی بھی، یا یزید سے مراسم ہوں گے یا حسین کو سلام ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 1, 2019
فواد چودھری نے کشمیر سے متعلق کہا کہ " ایک بچے کی ویڈیو کے ذریعے مخصوص سوچ پھیلائی جا رہی ہے کہ معیشیت کمزور ہے اس لئے کشمیر کو بھول جائیں"۔ اس سوچ کی نفی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ " کئی بار کمزور معیشیتوں نے اکنامک سپر پاورز کو شکست دی، جنگ کی خواہش نہیں لیکن جنگ ہوئی تو بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیں گے"۔