اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان بھارت کیلئے فضائی راستہ بند کرنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ بھارت افغان تجارت کیلئے زمینی راستہ بھی بند کرنے کی بھی تجویز ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ بھارت نے جو راستہ اختیار کیا، ہم اسی زبان میں جواب دیں گے، مودی نے شروع کیا، ختم ہم ہی کریں گے۔
PM is considering a complete closure of Air Space to India, a complete ban on use of Pakistan Land routes for Indian trade to Afghanistan was also suggested in cabinet meeting,legal formalities for these decisions are under consideration... #Modi has started we ll finish!
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 27, 2019
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جو ہو رہا ہے، وہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔ اقدامات کیلئے قانونی امور پر غور کیا جا رہا ہے۔
بھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنے پر وفاقی کابینہ میں تفصیلی مشاورت ہوئی۔ فردوس عاشق اعوان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کا معاملہ بھی کابینہ میں اٹھایا گیا۔
دوسری جانب وزیر ہوابازی غلام سرور خان کہتے ہیں کہ ائیر سپیس روکنے کے حوالے سے فیصلہ آئندہ 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے اس سے پہلے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلنے پر بھارت سے تجارت معطل کر دی تھی جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس اور دوستی بس کو بھی بند کر دیا تھا۔