اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے فاشسٹ اور یکطرفہ اقدامات نے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت سے خالد محمود کی قیادت میں برطانیہ کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کے فاشسٹ اور یکطرفہ اقدامات نے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وتشدد نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ آج بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔
برطانوی وفد سے گفتگو میں صدر مملکت نے کہا کہ جنونی ہندو پرست بھارتی قیادت نے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ اس نے صرف جمہوریت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔ برطانوی وفد کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق عوام اور پارلیمان کے دوسرے ممبران کو بھی آگاہ کرے۔