اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزیراعظم ہاؤس میں جدید ترین انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ تحقیق کے قومی سینٹر، مصنوعی ذہانت سے متعلق پروگرامز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے 15 یونیورسٹیز کو ملک کی بہترین جامعات کا درجہ دینے کی تجویز منظور کر لی۔
دنیا نیوز کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چودھری، پروفیسر عطاء الرحمان نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے وزیراعظم عمران خان کو وزارت کے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔ پروفیسر عطاء الرحمان نے اپنی ٹاسک فورس کی اب تک کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے یونیورسٹیز کو اپنی تحقیق کی بنیاد پر کمرشل منصوبے شروع کرنے کی تجویز پر غور کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مستحق طلباء کے لیے قومی سطح پر سکالر شپ سکیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سکالر شپ احساس پروگرام سے منسلک ہو تاکہ مستحق طلباء تعلیم مکمل کرسکیں۔ صعنتی شعبے کو بھی تحقیق اور ترقی کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹاسک فورس ٹیکس وصولی کے لیے ایف بی آر اور نادرا میں رابطہ کا کردار ادا کر رہی ہے۔ جبکہ وزیراعظم نے سائنسی و تیکنیکی تعلیم و تحقیق میں وزارت کے اقدامات کو سراہا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دی جائے جبکہ وزیراعظم نے 15 یونیورسٹیز کو ملک کی بہترین جامعات کا درجہ دینے کی تجویز منظور کر لی ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے معاشی ٹیم کی ملاقات ہوئی، ملاقات کرنے والوں میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور معاشی ٹیم کے دیگر ارکان بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور معیشت کی بہتری کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت یہ اجلاس 3 گھنٹے جاری رہا۔