لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مودی کو ایوارڈ ملنے سے مایوسی ہوئی، بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ ملنا پاکستان کی سفارتی کمزوری نہیں، عرب ممالک اور ایران کے مودی سے تعلقات ہیں، اپنی قوم سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرسائنس فواد چودھری نے کہا کہ ہم کشمیر کی بات احساس کی بنیاد پر کرتے ہیں، کسی جگہ پر لکیر لگانے سے علاقہ تقسیم نہیں ہو سکتا، راہول گاندھی کوکشمیر میں نہیں جانے دیا گیا۔ یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق و دیگرکی بہت زیادہ قربانیاں ہیں، غلام نبی آزادکوبھی کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ، یورپ کیا کرے گا، اپنی جنگیں خود لڑنی پڑتی ہیں۔ نریندر مودی کی گردن میں سریا آ چکا ہے، دو اٹیمی طاقتیں ایک دوسرے کےسامنے کھڑی ہیں۔ جنگ چوائس نہیں لیکن لڑنی پڑی تو لڑیں گے۔ تین جنگیں پہلے لڑ چکے ہیں، چوتھی لڑنے کو بھی تیار ہیں۔ آرمی چیف نے بھی کہا ہم ہرحد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی مسئلہ کشمیر میں بری طرح پھنس گیا ہے، مودی ہندوستان میں تنہا ہوتا جائے گا، دنیا دیکھ رہی ہے 80 لاکھ لوگ بڑی جیل میں پڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں مودی کو ایوارڈ ملنے سے مایوسی ہوئی ہے۔ بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ ملنا پاکستان کی سفارتی کمزوری نہیں، عرب ممالک اور ایران کے مودی سے تعلقات ہیں، اپنی قوم سے بڑھ کر کچھ نہیں۔