اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کی نا اہلی کیخلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی نااہلی کیلئے درخواست پر سماعت جمعرات کو ہو گی۔ اس سماعت کی کاز لسٹ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے جاری کر دی ہے۔ کیس کی سماعت سنگل بنچ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کریں گے۔
یاد رہے کہ فواد چودھری کی نااہلی کیلئے درخواست سمیع اللہ نے وکیل رضوان عباسی کے ذریعے دائر کی ہے جس میں ان پر اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے الیکشن کمیشن میں درست معلومات نہیں دیں، انہیں 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔ درخواست میں وفاقی وزیر فواد چودھری، الیکشن کمیشن، ایف آئی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔