انجن کی ٹیکنالوجی پرانی، بیٹری والی گاڑیوں سے عوام کو فائدہ ہوگا: فواد چودھری

Last Updated On 04 September,2019 03:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ عام آدمی کے مفادات کیلئے اقدامات کئے جانے چاہیں، پاکستان میں ٹیکنالوجی کو فروغ دینےکی ضرورت ہے۔

فواد چودھری نے کہا ہے کہ 83 فیصد پانی فراہم کرنے والی سکیمیں صاف پانی فراہم نہیں کر پاتیں۔ سیف ڈرنکنگ واٹر متعارف کرانے کا مقصد سستے پانی کی فراہمی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گاڑیوں میں انجن کی ٹیکنالوجی پرانی ہو چکی ہے۔ بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی کم کرنےمیں معاون ثابت ہوں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فواد چودھری نے پاکستان کونسل برائے قابل تجدید انرجی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بجلی سے چلنے والا موٹر سائیکل اور رکشا کی سواری کی۔ انہوں نے خود الیکٹرانک موٹر سائیکل اور رکشا چلا کر دکھایا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان موٹر سائیکل استعمال کرنے والا دنیا کا بڑا ملک ہے۔ الیکٹرانک موٹر سائیکل اور رکشے ملک کی ٹرانسپورٹ کا مستقبل ہیں۔ موٹر سائیکل اور رکشوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی میں تبدیل کریں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک موٹر سائیکل تیل کی بجائے بجلی سے چارج بیٹری سے چلے گا۔ الیکٹرانک ٹیکنالوجی میں تبدیلی سے ماحول میں کاربن میں کمی آئے گی۔