لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق حکومت کیخلاف آزادی مارچ سے پہلے آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) حتمی فیصلہ 30 ستمبر کو کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے معاملے پر ملاقاتوں اور رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن مشاورت کے لیے لاہور میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر پہنچ اور حکومت کیخلاف احتجاج سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا۔
مسلم لیگ ن کے اعلامیہ کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمن کی غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ کی تاریخ کا ابھی تعین نہیں کیا، مولانا فضل الرحمان
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ حکومت ہر محاذ پر بدترین ناکامیوں سے دوچار ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ کی تیاریوں سے آگاہ کیا جبکہ شہباز شریف نے حتمی فیصلے کے اعلان کے لئے وقت مانگ لیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس تیس ستمبر کو بلایا ہے، اس میں آزادی مارچ کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں کل جماعتی کانفرنس بلانے کی تجویز پر بھی مشاورت کی گئی۔