سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں نیب ٹیم کا بلاول بھٹو کی آمد سے کچھ دیر قبل گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی رہائشگاہ پر چھاپہ، کمروں کی تلاشی، بنگلے کی پیمائش، چھاپے کی اطلاع پر سیکڑوں کارکنان پہنچ گئے، احتجاجی مظاہرہ اور نعرہ بازی کی۔ پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کی ایک ٹیم نے نیب افسران اور مجسٹریٹ کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے گرفتار رہنما سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ واقع سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی پر اس وقت سرچ آپریشن کیا جب وہاں پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے حوالے سے تیاریاں کی جا رہی تھیں۔
نیب کی ٹیم نے رہائشگاہوں کے تمام کمروں کی تلاشی لی اور خورشید شاہ کی رہائشگاہ کی اس کے نقشے کے مطابق پیمائش بھی کی۔ نیب ٹیم کا سرچ آپریشن ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا تاہم نیب ٹیم کو کوئی شواہد یا دستاویزات برآمد نہ ہو سکیں۔
نیب ٹیم کی کارروائی کی اطلاع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی خورشید گاہ کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی اور انہوں نے نیب ٹیم کے اس چھاپے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرہ بازی کی۔
نیب کی ٹیم نے سرچ مکمل کرنے کے بعد خورشید شاہ کے صاحبزادے سید فرخ شاہ کو تحریری طور پر یہ لکھ کر دیا کہ انہوں نے سرچ کیا تاہم کچھ برآمد نہیں ہوا، اس لیے وہ یہاں سے کچھ بھی لے کر نہیں جا رہے ہیں۔