اسلام آباد: (دنیا نیوز) زلزلے کے باعث منگلا پاور ہاؤس سے نیشنل گرڈ کو معطل کی جانے والی 700 میگاواٹ بجلی کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ زلزلے سے منگلا ڈیم اور پاور ہاوس مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق زلزلے سے منگلا جھیل کا پانی گدلا ہونے سے پاور ہاوس کی ٹربائنیں بند کردی گئی تھیں۔ ٹربائنز بند ہونے سے پاور ہاؤس سے نیشنل گرڈ کو فراہم کی جانے والی بجلی کی فراہمی بھی بند ہو گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ٹربائنوں کو بند کیا گیا تھا۔ پاور ہاؤس کی ٹربائںوں کو کچھ دیر بند رکھنے کے بعد دوبارہ چلا دیا گیا اور نیشنل گرڈ کو 700 میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی۔
ادھر ترجمان ارسا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق زلزلے کے باعث منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج کم کر دیا گیا ہے اور ڈیم سے پانی کے اخراج میں 30 ہزار کیوسک کی کمی کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق واپڈا ڈیم کی سیفٹی اور پاور ہاؤس کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کر سکتا ہے۔