ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا

Last Updated On 26 September,2019 11:59 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ میں خطاب کے موقع پر آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ اس حوالے سے پرامن مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں پوری دنیا کے سامنے کشمیر کے لئے آواز بلند کریں گے، پوری پاکستانی قوم بھی مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم شہریوں پر بھارتی مظالم مسلسل کرفیو کے خلاف یکجا ہو کر آواز بلند کرے گی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قوم سے اپیل کی ہے وہ اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کریں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ نہتے اور مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرنا ہر انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ 52 روز سے بدترین کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک میسر نہیں ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی استبداد سے نجات کے لئے مسلم اُمہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لئے اپنی آواز بھرپور طریقے سے بلند کریں اور ہر پلیٹ فارم پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں کی آواز بنیں۔
 

Advertisement