نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں بھارت کے جواب پر پاکستان نے ایک بار پھر کرارا جواب دیا ہے۔ پاکستانی سفارتکار ذوالقرنین چھینہ نے کہا کہ بھارت 30 سال سے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کر رہا ہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن نے پاکستان میں دہشتگردی کا اعتراف کیا جو ناقابل تردید ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بےنقاب کر دیا۔
پاکستانی سفارتکار کا بھارت کو کرارا جواب، سفیر ذوالقرنین چھینہ نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 30 برسوں سے وادی میں دہشت گردی کر رہا ہے، سفیر نے سوال اٹھایا کہ بھارت کااقدام اگر کشمیریوں کی فلاح کے لیے ہے تو کرفیو کیوں نہیں ہٹاتا۔
پاکستانی سفارتکار نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی کا ذکر تک کرنے سے کترا رہا ہے، بھارت کشمیریوں کو بولنےکی آزادی کیوں نہیں دے رہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جو چھپانا چاہ رہا ہے وزیراعظم عمران خان نے وہ سب دنیا کو بتا دیا، وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بےنقاب کر دیا، بھارتی حکومت آر ایس ایس کے نظریئے کو آگے بڑھا رہی ہے، مہاتما گاندھی کے قاتل سیکولر بھارت کے آئیڈیاز کو قتل کر رہے ہیں،
گجرات میں قتل عام کرنے والوں سے جواب طلب کیا جانا چاہیے تھا، بھارتی جاسوس کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا۔