کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ مولانا موجودہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں انکی خواہش پوری نہیں ہوگی، پی ٹی آئی کی عوامی خدمت کے اثرات بہت جلد سامنے آنا شروع ہونگے۔
گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ مولانا نظام کو پٹری سے اتارنا چاہتے ہیں تاکہ انھیں کوئی حصہ مل سکے، حکومت پانچ سال کہیں نہیں جانے والی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں، بہت جلد کراچی میں ہماری کارکردگی سامنے آئیگی، ہم سے سوال کی بجائے سندھ حکومت سے پوچھا جائے کہ سندھ کے شہروں کا کیا ہوگا۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ شہر کی صفائی کے لئے عام آدمی اپنا کردار ادا کرے، کچرہ اٹھانا شہری حکومت کا کام ہے، مضبوط مقامی حکومت ہی ایسے کام سرانجام دے سکتی ہے، روٹری کلب پلاٹیم کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد مالیت کا صفائی کا سامان ممبر صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ کے حوالے کیا گیا۔