اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے (ن) لیگ کے وفد نے ملاقات میں درخواست کی کہ آزادی مارچ اکتوبر تک موخر کیا جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے مشاورت کے لیے پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا۔
لیگی رہنما احسن اقبال کی قیادت میں لیگی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو شہباز شریف کی بلاول بھٹو زرداری سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔
لیگی رہنماؤں نے درخواست کی کہ اکتوبر میں اسلام آباد دھرنے کی کال واپس لی جائے، ن لیگ کو تیاری کے لیے وقت چاہیے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چاہتے ہیں ہم مشترکہ طور پر آگے بڑھیں، فیصلہ کن مرحلے پر سب ساتھ ہوں گے۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی سے چلیں تو فائدہ ہو گا، ہمارے قائد نواز شریف کا فیصلہ ہی آخری ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یو این جنرل اسمبلی میں مذہبی کارڈ کا سہارا لے کر ہمیں کاؤنٹر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔