مظفرآباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آزاد کشمیر میں جاری آزادی مارچ کے شرکاء کا قافلہ شاہراہ سرینگر پر کنٹرول لائن چکوٹھی کی جانب رواں دواں ہے۔ انتظامیہ نے مظاہرین کو چناری جسکول سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔
بتایا گیا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء ہٹیاں بالا پہنچ گئےجہاں سے شرکاء نے پیدل مارچ شروع کر دیا ہے۔ آزاد ی مارچ کے شرکاء کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے کنٹرول لائن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
آزادی مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہیں، منتظمین کا کہنا ہے کہ آزاد ی مارچ کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظٓالم کی طرف کرانی ہے جہاں گزشتہ 62 روز سے کشمیری عوام کو کرفیو کے نام پر تمام ضروریات زندگی سے محروم کر دیا گیا ہے، نہ انہیں کھانے پینے کی اشیا دستیاب ہیں نہ ہی وہ گھروں سے نکل کر کسی کے ساتھ مل سکتے ہیں، پوری وادی کو ایک بڑے جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔