بیجنگ: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے کمانڈر اور وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چین کی عسکری قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن کا حامی ہے مگر عزت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ چین کی عسکری قیادت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سوچ خطے میں امن کے لئے سود مند ہے۔ دونوں ملکوں کی فوجی قیادت نے اتفاق کیا کہ پاک، بھارت کشیدگی کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ملاقات میں خلیج کی صورتحال اور افغانستان میں امن کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس سے پہلے پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔