لاہور: (دنیا نیوز) چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم مریم اور ان کے کزن ملزم یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 23 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا.
چودھری شوگر ملز کیس میں ملزمان مریم نواز اور یوسف عباس کے خلاف سماعت لاہور کی احتساب عدالت ہوئی، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے الزام پر ملزمان کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں، تفتیش مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ انہوں نے استدعا کی کہ ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کر دی جائے۔
دریں اثنا عدالت نے ملزمان کی حاضری مکمل کرنے کے بعد وکلا سے مشاورت کیلئے علیحدہ کمرے میں ملاقات کی اجازت دیدی، واضح رہے کہ کمرہ عدالت میں لیگی کارکنان کی موجودگی کے سبب شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، کچھ رہنما اور کارکنان مریم نواز کے ساتھ سیلفی بنانے میں مصروف نظر آئے جس پر کمرہ عدالت میں شورشرابے کے سبب فاضل جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور سکیورٹی اہلکاروں کو کمرہ عدالت سے سیاسی کارکنوں کو باہر نکالنے کا حکم دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی ریکارڈ کے سبب کمرہ عدالت میں کارکنان کی موجودگی سکیورٹی رسک ہے، عدالت نے مریم نواز کو حکم دیا کہ آپ کی حاضری ہو گئی ہے آپ اپنی نشست پر بیٹھ جائیں۔ بعد ازاں عدالت نے دونوں جانب سے موقف سننے کے بعد ملزمان مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع دے دی۔