اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی کردار عبدالغنی مجید کو سولر منصوبوں کے غیرقانونی ٹھیکوں کے نئے مقدمے میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ چیئرمین نیب نے عبدالغنی مجید کے وارنٹ جاری کر دیئے تاہم عدالت نے نیب کی درخواست متعلقہ جج کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی عبدالغنی مجید اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں، وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کےلیے نیب نے احتساب عدالت سے رجوع کیا تاہم ڈیوٹی جج نے نیب کو جج احتساب عدالت کے سامنے درخواست پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ فوری نوعیت کا نہیں، متعلقہ جج کے سامنے ہی پیش کیا جائے، نیب کی درخواست پر عدالت نے سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ تیرہ ستمبر کو جج محمد بشیر سماعت کریں گے۔ عدالتی اجازت ملنے پر عبدالغنی مجید کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔