وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، مسئلہ کشمیر و باہمی امور پر تبادلہ خیال

Last Updated On 09 October,2019 03:52 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ بھی موجود تھے۔ صدر شی جن پنگ نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں‌ظہرانہ بھی دیا. وزیراعظم انٹرنیشنل ہارٹی کلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر شریک ہوں گے۔

آئرن برادرز کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر، پاک چین دوستی نئی ڈگر پر، بیجنگ کے صدارتی محل میں چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم عمران خان کو خوش آمدید کہا۔ آر می چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور وفاقی وزرا نے چینی صدر سے ہاتھ ملایا۔

پاکستان اور چینی قیادت کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں وزیراعظم نے چینی صدر کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ مذاکرات کے دوران کشمیر میں جاری لاک ڈاون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات کی گئی۔ وزیراعظم نے چینی صدر کا مسئلہ کشمیر پر حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ مذاکرات میں آرمی چیف، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ، وزیر ریلوے اور دیگر وزرا بھی شریک تھے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ چین کی پوزیشن بہت واضح ہے۔ انہوں نے ہماری تاریخی پوزیشن کو اپنایا ہوا ہے، صدر شی جن پنگ مختصر دورے پر بھارت جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے ان سے ملنا ضروری تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا 13 ماہ میں چین کا تیسرا دورہ ہے۔ چینی قیادت کیساتھ تجارتی و اقتصادی تعاون اور سی پیک کے حوالے سے بات ہوئی، دوطرفہ اقتصادی تعاون کو کیسے آگے لے کر چلنا ہے اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بہت سی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، تعلیم کے شعبے میں ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا چین کے ساتھ مل کر واٹر ڈی سیلی نیشن پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گوادر بھی اس سے مستفید ہوگا۔

وزیراعظم انٹرنیشنل ہارٹی کلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر شریک ہوں گے جس کی میزبانی چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کریں گے۔

 

Advertisement