اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے حوالے سے کسی کمیٹی کے قیام کی فی الحال ضرورت نہیں لیکن مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کا آپشن کھلا ہے۔ مدارس ریفارمز سمیت دیگر ایشوز پر کوئی بات کرنا چاہے تو اعتراض نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے حکومتی ترجمانوں کے اہم اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے آزادی مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کا آپشن کھلا ہے۔ کمیٹی کے قیام کی فی الحال ضروت نہیں ہے۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا اگر کوئی بات کرنا چاہے تو دروازے بند نہیں کریں گے۔ مدرسہ ریفارمز سمیت تمام اہم ایشوز پر بات کی جا سکتی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا۔ کشمیر مسئلے پر چین ہمارے ساتھ ہے جبکہ کامیاب سفارتکاری سے پاکستان عالمی تنہائی سے نکل رہا ہے۔