اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔ بچوں کے سکول گئے اور مونومنٹ کی بھی سیر کی۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر عمران خان نے شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نے شہزادی ڈیانا کے دورہ پاکستان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں ان کے لیے بے پیار اور خلوص ہے۔ انہوں نے انسانی ہمدردی اور خیراتی کاموں کی وجہ سے بہت عزت پائی۔
وزیراعظم نے شاہی جوڑے کو خطے کی تازہ صورت حال، مقبوضہ جموں کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر آئینی اقدام اور افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اپنی گفتگو میں شاہی جوڑے نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے لئے بہت اہم ملک ہے۔ وزیراعظم نے شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
شاہی جوڑا صدر مملکت سے ملاقات کے لیے ایوان صدر پہنچا تو ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول نے استقبال کیا۔ صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی اور غربت سے خاتمے کے لیے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی کاوشوں کو سراہا۔
بعد ازاں شاہی جوڑا رات کے کھانے کے لیے پاکستان مونومنٹ پہنچا جہاں پاکستانی فنکار، غیر ملکی سفرا اور بہت سے مہمانوں نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر شہزادہ ولیم نے شیروانی زیب تن کر رکھی تھی جبکہ شہزادی کیٹ نے پاکستان جھنڈے کے رنگ والی سبز پاکستانی قمیض اور سفید شلوار پہنی ہوئی تھی۔ شاہی جوڑا رکشے میں بیٹھ کر تقریب میں پہنچا۔
اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے نے اسلام آباد کے سرکاری سکول کا دورہ کیا جہاں شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن بچوں کے ساتھ گھل مل گئے۔
تعلیمی اداروں کے دورے کے موقع پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن گاڑی سے اترے تو وہاں موجود سکیورٹی اہلکار نے شہزادہ ولیم کو سیلوٹ پیش کیا جس پر شہزادہ ولیم نے سکیورٹی اہلکار سے مصافحہ کیا۔
سکیورٹی اہلکار نے کیٹ مڈلٹن کو دیکھ کر انہیں بھی سیلوٹ پیش کیا جبکہ کیٹ مڈلٹن نے اپنا ہاتھ آگے بڑھا دیا جس پر اہلکار نے کیٹ مڈلٹن سے بھی مصافحہ کیا۔
برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا دورہ پاکستان برطانوی میڈیا کی توجہ کا بھی مرکز بنا ہوا ہے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے کا دورہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بحال کرنے کی وزیراعظم عمران خان کی کوششوں میں مددگار ثابت ہوگا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے لکھا کہ والدہ لیڈی ڈیانا کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کے باعث یہ دورہ شہزادہ ولیم کے لیے جذباتی نوعیت کا حامل ہے۔
شہزادی ڈیانا سے قربت کی وجہ سے سابق کرکٹ سٹار اور وزیراعظم پاکستان عمران خان بچپن سے شہزادہ ولیم کو جانتے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی جوڑے کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے، پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور بریگزٹ بحران کے وقت برطانیہ کے لیے بین الاقوامی تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
اس سے قبل برطانوی شاہی محل سیاسی اور سیکیورٹی اعتبار سے دورہ پاکستان کو شاہی جوڑے کا پیچیدہ ترین دورہ قرار دے چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کو دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کی کڑی قرار دیا ہے۔
پاکستان آمد پر کیٹ مڈلٹن نے فرانسیسی برطانوی ڈیزائنر کیتھرین واکر کا تخلیق کردہ ہلکے نیلے رنگ کا جدید طرز کا شلوار قمیض زیب تن کیا۔
ڈچز آف کیمبرج کے لباس پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ انہوں نے ایک مسلمان ملک کی روایات کا احترام کرتے ہوئے لباس کا انتخاب کیا جس سے ماضی میں لیڈی ڈیانا کے پاکستان کے دوروں پر پہنے گئے ملبوسات کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔