برطانوی شاہی جوڑا 5 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ

Last Updated On 18 October,2019 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی اعلیٰ حکام نے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو رخصت کیا، شاہی مہمانوں کا آج پھر ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا اور بچوں سے گپ شپ کی۔

برطانوی شاہی جوڑا پاکستان سے محبتیں اور خوشیاں سمیٹ کراپنے وطن واپس چلا گیا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کو اسلام آباد سے اعلیٰ پاکستانی حکام نے رخصت کیا۔

برطانوی شاہی مہمانوں نے پاکستان کے دل لاہور میں ایک بار پھر ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ خوب گپ شپ کی۔ جمعرات کی شب اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث شاہی جوڑے کے طیارے کو واپس لاہور لینڈ کرنا پڑا تھا۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن زندہ دلان لاہور کے دل جیت کر اسلام آباد چلے گئے جہاں برطانوی شاہی جوڑے نے آرمی کینائن سینٹر کا دورہ کیا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے اپنے دورہ کے دوران چترال کی حسین وادیوں کا بھی نظارہ کیا تھا۔

اسلام آباد میں پاکستان مانومنٹ میں ہونے والی تقریب کو چار چاند لگائے۔ برطانوی مہمانوں نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم سے ملاقات بھی کی۔

شہزادی کیٹ مڈلٹن دورے کے دوران پاکستانی ثقافت کے رنگوں میں رنگی نظر آئیں، ان کے مشرقی انداز کی دنیا بھر میں خوب دھوم رہی۔