اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کے زیر صدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کو اسلام آباد سے باہر ہی روکا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کے زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی سیکیورٹی، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈائریکٹر سیف سٹی، آر پی او راولپنڈی، ڈی پی او نوشہرہ، ڈی پی او اٹک اور موٹروے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔
پولیس حکام نے آزادی مارچ اور دھرنے کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے غور کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے مارچ کے شرکا کو اسلام آباد سے ہی باہر روکا جائے گا۔
شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں سیکیورٹی کے بھی مناسب انتظامات کیے جائیں گے۔