اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو مذاکرات کرنا ہوں گے۔ بند گلی میں جائیں گے تو پھر کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔
پرویز خٹک کا جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حکومت مخالف احتجاج پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں، مذاکرات سے معاملات حل کریں گے۔ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن ملک کو نقصان ہوا تو ایکشن لینا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمان اپنا ایجنڈا ہمارے سامنے رکھیں، ڈکٹیٹر نہ بنیں اور جمہوری انداز اپنائیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا ون پوائنٹ ایجنڈا وزیراعظم کو ہٹانا ہے جو ممکن نہیں، اگر یہی رویہ رہا تو پھر بات چیت کیسے ہوگی۔ پی ٹی آئی نے دھرنے میں اپنے مطالبات سامنے رکھے تھے۔ اگر مولانا مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو یہ ملک کیخلاف سازش ہوگی۔ مذاکرات کرنے سے مولانا کی عزت کم نہیں ہوگی۔