اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے آزادی مارچ میں مسلم لیگ نواز کی شرکت اور دھرنے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کرا دی گئی جس میں سیکرٹری داخلہ، مولانا فضل الرحمن، نون لیگ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور چئیرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جے یو آئی (ف) کو دھرنے کی اجازت دینے سے روکنے کی درخواست وکیل حنیف راہی کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ نون کی قیادت کیخلاف نیب کیسز زیر التوا ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے جیل سے آزادی مارچ کی حمایت کے لیے خط بھی لکھا ہے۔ مسلم لیگ نون آزادی مارچ کے ذریعے نیب پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کو آزادی مارچ اور دھرنا دینے سے روکا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے دھرنے مختص جگہ پر کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دھرنے کے خلاف اس سے قبل بھی درخواست زیر التوا ہے۔