اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے نواز شریف کی گفتگو کے بعد فضل الرحمن کے مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی، ثابت ہوگیا ان کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کیلئے نہیں چوروں کی آزادی کیلئے ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا مولانا مظلوموں کے لئے نہیں بلکہ کرپشن کنگز کو تحفظ دینے کے لیے باہر نکل رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں، کبھی بال شہباز شریف کے پاس ہوتی ہے تو کبھی نواز شریف کے پاس، تاہم دونوں گول کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ دونوں کے گول پوسٹ الگ الگ ہیں، آج ماڈل ٹاؤن میں ہونے والا اجلاس بھی اسی کھیل کا حصہ ہے۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ فضل الرحمن سیاسی حلوے کے شیدائی ہیں، فضل الرحمن سیاسی حلوے کے حصول کیلئے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں، آقاؤں کی خوشنودی کیلئے بھارت کیخلاف یوم سیاہ کو سیاست کیلئے چنا گیا۔