وزیراعظم نے مہنگائی کا سختی سے نوٹس لیا ہے: فردوس عاشق

Last Updated On 19 October,2019 09:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے مہنگائی کا سخت نوٹس لیا ہے، انہوں نے مختلف وزارتوں سے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تجاویز طلب کی ہیں.

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام صوبائی حکومت کی بدانتظامی کا شکار ہو رہے ہیں، سندھ حکومت نے مقررہ وقت میں گندم کی خریداری نہیں کی، لوگ عوام کے وسائل پر سیاست چمکانے میں مصروف ہیں، عوامی وسائل پر جلسہ کرنیوالے سندھ میں آٹا مہنگا کرنے کا نوٹس لیں۔

 قبل ازیں فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بلاول صاحب! ہوش کے ناخن لیں، اپنی کرپشن زدہ اداؤں پر غور کریں، ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچیں، بھٹو اب لاڑکانہ میں زندہ کیوں نہیں رہا ؟ سرکاری وسائل سے کیے گئے جلسے عوامی جذبات کی عکاسی نہیں کرتے، عوام نے ووٹ کی طاقت سے آپ کے بیانیہ کو زمین بوس کیا، ہمارے ادارے ہمارا فخر، دفاع اور سلامتی کے ضامن ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا غیر ذمہ دارانہ بیانات سے کن آقاؤں کی خوشنودی حاصل کر رہے ہیں ؟ ملک اور ریاست کا احساس ہوتا تو غیر ذمہ دارانہ بیانات کی فلم نہ چلاتے، آپ کو صرف ابو اور پھوپھو کی کرپشن بچانے کی فکر ہے۔

Advertisement