کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پلاسٹک کے انڈوں کی فروخت کے انکشاف کے بعد تفتیشی پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان سحر میں پلاسٹک کے انڈوں کی فروخت کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔ انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ سہائی عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان میں 2 ہول سیلر اور ایک ریٹیلر اور ٹرک ڈرائیور بھی شامل ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق پلاسٹک کے انڈے گھارو کے قریب فارم سے سپلائی کئے جا رہے تھے۔ مضر صحت انڈے کو کیمیکل معائنے کیلئے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بھجوا دیا گیا ہے۔ سہائی عزیز کے مطابق ملزمان کا منظم گروہ ہے جو ڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں پلاسٹک کے انڈے فروخت کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز ایک فیملی کی شکایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مار کر کارروائی کی تھی۔