اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزرارت خارجہ میں ٹک ٹاک ویڈیو بننے لگیں، ٹک ٹاک گرل حریم شاہ کی ایک اور ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزرات خارجہ نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ٹک ٹاک گرل حریم شاہ کی سوشل میڈیا پر ویڈیو نے سر شرم سے جھکا دیئے، وہ بغیر کسی خوف کے وزارت خارجہ کے اہم کمیٹی روم میں گھومتی پھرتی رہیں، صدارتی چیئر پر بھی براجمان ہوئیں۔
غیر متعلقہ خاتون کو کمیٹی روم تک پہنچنے کی اجازت کس نےنہیں دی ؟ انہیں کیوں نہیں روکا گیا ؟ اتنی حساس جگہ پر جہاں ملک کیلئے اہم فیصلے ہوتے ہیں، اس لاپرواہی کا ذمہ دار کون ہے ؟ دیدہ دلیری کی اس حرکت نے سیکورٹی پر بھی کئی سوال کھڑے کر دیئے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزارت خارجہ نے حریم شاہ کی اہم کمیٹی روم تک رسائی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اس بات کا پتہ چلایا جا رہا ہے کہ خاتون کس افسر کی کلئیرنس کے بعد دفتر خارجہ میں داخل ہوئیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کا ریکارڈ دیکھا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کی انٹری لاگ بک کی بھی چھان بین کی جانے لگی، حریم شاہ اس سے پہلے بھی حکومتی دفاتر میں کئی ایسی ویڈیو بناچکی ہے، شہریوں نے خاتون کو ان حرکات پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں ویڈیو بناتے ہوئے کسی نے نہیں روکا، میں نے وہاں موجود ایک شخص سے کہا کہ میری ویڈیو اور تصویر بنا دیں تو اس نے میری اس معاملے میں مدد کی۔
حریم شاہ نے کہا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ تصویر اور ویڈیو بنانا میرے خیال میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔ اگر ایسا کرنا غلط ہوتا تو میں ایسی حرکت کبھی نہ کرتی۔