لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کی طبیعت میں بہتری نہ آسکی، مرض کی تشخیص جاری ہے، پلیٹ لیٹس کی تعداد 6 ہزار ہونے پر مزید یونٹ لگا دیا گیا، سابق وزیراعظم کے آج نئے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نواز شریف کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد خطرناک حد تک کم ہوگئی، قائد ن لیگ کی بگڑتی حالت پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے درمیان رابطہ ہوا، عمران خان نے نواز شریف کو بہترین میڈیکل سہولیات دینے کی ہدایت کر دی۔ صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، حکومت مکمل تعاون کرے گی
سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کیلئے ڈاکٹر طاہر شمسی بھی خصوصی طور پر لاہور پہنچے۔ انہوں نے میڈیکل بورڈ کے ہمراہ مریم نواز کو نواز شریف کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی۔ لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کم ہوئے، جس کے بعد انہیں پلیٹ لیٹس لگائے گئے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ملک کے کسی بھی حصے سے ڈاکٹرز کو لانے کیلئے جہاز مہیا کرنے کی پیشکش بھی کی۔