تیز گام ٹرین کی 3 بوگیاں مکمل جل گئیں، اندرونی مناظر سامنے آگئے

Last Updated On 31 October,2019 03:06 pm

رحیم یار خان: (دنیا نیوز) لیاقت پور میں تیز گام ٹرین کی 3 بد قسمت بوگیوں کو چنی گوٹھ ریلوے سٹیشن پر پہنچا دیا گیا، ٹرین کی 3 بوگیاں مکمل جل گئیں جس کے اندرونی مناظر سامنے آگئے۔

ٹانوری سٹیشن کے قریب افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام میں سوار تبلیغی جماعت کے افراد گیس سلنڈر پر ناشتہ بنا رہے تھے کہ سلنڈر اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے بوگی نمبر 3، 4 اور 5 کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے میں 71 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

یاد رہے پاکستان ریلوے میں حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، گزشتہ ایک سال میں ریکارڈ 80 ٹرین حادثات ہوچکے ہیں، ریلوے ریکارڈ کے مطابق جولائی 2018ء سے جولائی 2019ء تک چھوٹے بڑے 80 کے قریب ٹرین حادثے ہو چکے ہیں۔

سب سے زیادہ جون میں 20 حادثات ہوئے جس میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، یکم جون کو لاہور یارڈ میں ریلیف ٹرین ڈی ریل ہوگئی۔ 3 جون کو عید سپیشل ٹرین لالہ موسی سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔

 

5 جون کو فیصل آباد اسٹیشن کے قریب شاہ حسین ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، 5 جون کو ہی کراچی ڈویژن میں کینٹر ٹرین کو حادثہ پیش آیا اور تھل ایکسپریس کی 5 بوگیاں کندھ کوٹ کے قریب پٹڑی سے اترگئیں۔ 20 جون کو حیدرآباد سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔

18 جون کو ملتان ڈویژن میں ہڑپہ سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس ٹرین کی ڈائننگ کار کو آگ لگ گئی، 22 جون کو لاہور ریلوے سٹیشن کے یارڈ میں کراچی جانے والی تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

 

11 جولائی 2019 کو صادق آباد کے قریب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے اور مسافر ٹرین کا انجن اور کئی بوگیاں تباہ ہوگئیں۔