متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے آج کا جلسہ ملتوی کر دیا: مریم اورنگزیب

Last Updated On 31 October,2019 03:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے آج کا جلسہ ملتوی کر دیا۔ انہوں نے کہا 31 اکتوبر کا جلسہ سانحہ رحیم یار خان کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا تھا تیز گام ٹرین میں آتشزدگی کے واقعہ کے باعث آج جلسہ نہیں کریں گے، حکومت مخالف احتجاجی جلسہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے ملتوی کیا گیا، متحدہ اپوزیشن اسلام آباد میں کل جلسہ کرے گی۔

جے یو آئی رہنما اکرم درانی کا کہنا تھا اپوزیشن کا جلسہ کل نماز جمعہ کے بعد ہوگا، قافلے رات کو دیر سے اسلام آباد پہنچیں گے، ہمارے تمام لوگ پنڈال میں رات قیام کریں گے۔

ادھر جمیعت علماء اسلام سمیت اپوزیشن جماعتوں کا خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں سے قافلوں کا سفر شروع ہو گیا، جے یو آئی اور اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

صوبہ بھر کے قافلے جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹریٹ میں جمع ہو کر اسلام آباد کے لئے اکٹھے نکلیں گے، آزادی مارچ کے قافلے میں موبائل کلینک، کینٹین اور پانی کے ٹینکر بھی ساتھ ہوں گے۔

خیبر پختونخوا میں آزادی مارچ کے قافلوں کے 4 مقامات پر چارسدہ انٹرچینج، رشکئی انٹر چینج، صوابی اور حسن ابدال پر پرتپاک استقبال سمیت قائدین خطاب کریں گے۔ چترال، گلگت اور دیگر علاقوں کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت جے یو آئی اور اپوزیشن آزادی مارچ کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی ہے، آزادی مارچ کو مانیٹر کرنے کے لئے سیل قائم کر دیا ہے۔

Advertisement