اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے مذاکرات کا راستہ ہم بند نہیں کریں گے لیکن مولانا فضل الرحمان کی خواہشات اور ارمانوں کو پورا نہیں کر سکتے۔
کشمیری شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آزادی مارچ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں حقیقتت میں یرغمالی مارچ جاری ہے۔ ورکرز بارش میں کھلے آسمان تلے اور لیڈرز گرم بستروں میں آرام فرما رہے ییں۔ لیڈروں کا یہ عمل کیا کھلا تضاد ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کا مقصد اسرائیل کے جھنڈے گاڑنے والی حکومت کو روکنا ہے۔ بغیر کسی دلیل اور حقائق کو جاننے اس قسم کے بیانیے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل بورڈ کے قیام سے متعلق بھی اداروں پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ میڈیکل بورڈ حکومت نہیں بلکہ نیب کورٹ تشکیل دیتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج لاہور میں منفرد واقعہ پیش آیا جس میں شدید بیمار نواز شریف بہترین ہسپتال سے نکل کر علاج کیلئے گھر داخل ہو چکے ہیں۔ جس مقصد کیلئے مریم نواز کو عدالت نے ضمانت دی، امید ہے وہ بہترین نرسنگ اور تیمارداری کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا راستہ ہم بند نہیں کریں گے لیکن مولانا کی خواہشات اور ارمانوں کو پورا نہیں کر سکتے۔ ہمیں جلسہ کے شرکا سے ہمدردی ہے، ہم ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ شرکا کو بھی سوچنا چاہیے کہ ان کیلئے ان کے قائدین کے دل میں کتنا درد ہے۔