اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی چھٹی کے روزپرانے دوستوں سے گپ شپ، کھیلوں کی بہتری کے لیے پرامید، کہتے ہیں مصباح الحق کی تعیناتی ایک مثبت اقدام ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چھٹی کا دن پرانے دوستوں کے ساتھ بنی گالہ میں گزارا۔ دوستوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نیا ڈومیسٹک نظام حقیقی ٹیلنٹ اوپر لائے گا، تاہم دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ میں بھی نئے نظام کو مزاحمت کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہماری فرسٹ کلاس کرکٹ معیاری نہیں ہوگی ہم کرکٹ میں پیچھے رہ جائیں گے۔
وزیراعظم نے مصباح الحق کی تعیناتی کو مثبت قدم قراردیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے۔ مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیتیں موجود ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اچھا کھلاڑی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کرکے واپس آئے۔