اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئے کاروبار سے اقتصادی صورت حال میں بھی بہتری آئے گی۔ نوجوانوں کے درپیش روزگار کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے۔ میرٹ اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
معاون خصوصی یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے وزیراعظم سے ملاقات میں انھیں کامیاب جوان پروگرام کی ماہانہ رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم کو پروگرام کی شفافیت میرٹ اور درخواستوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ صرف 20 دنوں میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے 1 سے 5 لاکھ تک قرض کی درخواستیں دیں۔ 6 لاکھ سے زائد نوجوان نئے کاروبار کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل شروع قرض کی تقسیم آئندہ ماہ ہو گی۔ سب سے زیادہ درخواستیں پنجاب اور پختونخوا سے موصول ہوئیں۔
وزیراعظم نے پروگرام کی زبردست پذیرائی پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے پر معاون خصوصی عثمان ڈار کو شاباش دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا نوجوانوں کے لئے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو۔ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں۔ حکومتی سرپرستی ہر حال میں یقینی بنائیں گے۔ نوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔