اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خوشی ہے پاکستان نے معاشی حالت پر قابو پا لیا، گزشتہ 3 ماہ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، عالمی اداروں نے تسلیم کیا پاکستان صحیح راستے پر گامزن ہے، معاشی ٹیم نے روپیہ مستحکم کر دیا جس پر انہیں مبارک دیتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پاکستان اورچین کےدرمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مشکلات پر قابو پا لیا، سرمایہ کاری آنا شروع ہو گئی، پوری کوشش ہےعوام کیلئے روزگارپیدا ہو۔ آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے صدور نے پاکستان میں معاشی استحکام کا اعتراف کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، اگلا پروگرام نوجوانوں کو روزگار دینا ہے، تعمیراتی شعبے کو ہر سہولت دے رہے ہیں۔