اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت شعبہ تعمیرات کی بحالی اور فروغ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انھیں درپیش چیلنجز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں مسائل کے حل سے متعلق تجاویز مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا سربراہ چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کمیٹی کو مقرر کیا گیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک اور وزیر خزانہ پنجاب بھی کمیٹی میں شامل ہونگے۔ کمیٹی کو 24 گھنٹے میں ٹیکسز سے متعلق سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران کان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل اور اس کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس شعبے سے 40 کے قریب صنعتیں منسلک ہیں۔ تعمیراتی شعبہ سے صنعتوں کو ترقی اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ اس کے فروغ سے 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ مکمل ہوگا۔
اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ، پنجاب، بلوچستان کے وزرائے خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن اور چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے بھی شرکت کی۔