لاہور: (ویب ڈیسک) کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شٹل بس سروس کے سفر کے دوران وزیراعطم عمران خان نے اپنے ساتھ موجود حکام سے پوچھا کہ ’ہمارا وہ سدھو کدھر ہے؟‘، اس موقع کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے حکام سے پوچھ رہے ہیں کہ ’ہمارا سدھو کدھر ہے؟، میں کہہ رہا ہوں ہمارا سدھو، آ گیا ہے وہ؟‘ ان کے استفسار پر انھیں بتایا گیا کہ انھیں واہگہ بارڈر لینے گئے تھے لیکن انڈین حکام سے انھیں آنے نہیں دیا۔ ہمارے گیٹ کھلے ہیں لیکن انہوں نے اپنے گیٹ بند کر دیئے ہیں۔ ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ اس موقع پر عمران خان نے انڈیا کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کے بارے میں بھی پوچھا کہ کیا وہ آ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین وزیراعظم عمران خان کی اس ویڈیو کو بہت پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں اور اسے اب تک ہزاروں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا تھا۔ اس افتتاحی تقریب میں سابق ہندوستانی وزیراعظم منموہن سنگھ، انڈین پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ، نوجوت سنگھ سدھو اور اداکار سنی دیول سمیت بڑی تعداد میں سکھ یاتری موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے اپنے تاریخی خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ کرتارپور سرحد کھول کر سکھوں کے دل خوشیوں سے بھر دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم انسانیت کی بات کرتے ہیں، نفرتیں پھیلانے کی بات نہیں کرتے۔ ’ہمارے نبی پاک ﷺ نے انسانیت کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوفیا کرام نے بھی انسانیت کی بات کی۔ حضرت معین الدین چشتی، نظام الدین اولیا اور بابا فرید کے مزار پر آج بھی لوگ جا کر پیار اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈر ہمیشہ لوگوں کو اکھٹا کرتا ہے، نفرتیں پھیلا کر ووٹ حاصل نہیں کرتا۔ ہمارا بھارت کیساتھ صرف ایک ہی مسئلہ ہے کشمیر کا، وہ ہم بات چیت سے حل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جو کشمیر میں ہو رہا ہے یہ خطے نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے۔ 80 لاکھ لوگوں کے تمام انسانی حقوق ختم کرکے انھیں نو لاکھ فوج سے بند کیا ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اس طرح کبھی امن نہیں ہوگا۔ اس وجہ سے ہمارے سارے تعلقات رک گئے ہیں۔
انھوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سارے برصغیر کو آزاد کردیں، انصاف کریں۔ سرحد کھل جائے تو برصغیر میں خوشحالی آئے گی۔
Moments before the Indian official jatha arrived for pilgrimage through #KartarpurCorridor...
— Geeta Mohan گیتا موہن गीता मोहन (@Geeta_Mohan) November 9, 2019
An entire conversation by Pak PM @ImranKhanPTI on "Hamara Sidhu"
Watch.@IndiaToday @MEAIndia @ForeignOfficePk @IndiainPakistan @Ajaybis @DrSJaishankar @capt_amarinder @sherryontopp pic.twitter.com/V1rwYbDVit