کرتارپور: ( محمد حسن رضا)کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب ہر لحاظ سے تاریخی واقعہ تھا
وزیر اعظم عمران خان نے بس میں زیرو پوائنٹ سے دربار صاحب کمپلیکس تک سفر کیا ۔ وہ نو ماہ کی قلیل مدت میں سارے منصوبے کی تکمیل پر خوش تھے ، گیٹ پر پہنچ کر انہوں نے اچانک پوچھا ہمار ا سدھو کہا ں ہے ؟ انہیں بتایا گیا کہ ان کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام نے روکا تھا تاہم وہ راہداری سے پہنچ گئے ہیں ۔ بھارت سے آنیوالے اداکار اور بی جے پی کے رکن اسمبلی سنی دیول کو کسی نے بھی زیادہ اہمیت نہ دی وہ پاکستان مخالف فلموں میں کر دار کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں، ٹوئٹر پر ان کے نام سے ٹا پ ٹرینڈ رہا ،جس میں ان کو آلتی پالتی مار کر بیٹھے دکھایا گیا تھا ۔ ٹوئٹر صارفین نے ان کے ڈائیلا گ ‘‘کشمیر مانگو گے تو چیر دینگے ’’ کا حوالہ دیکر لکھا کہ عمران خان کشمیر کا ذکر کر رہے تھے اور سنی دیول سر جھکا ئے سن رہے تھے ۔ سکھ یاتریوں کیلئے یخنی پلائو،پالک پنیر،رشین سالاد،مکھن ،مکس سبزیاں،زردہ،گلاب جامن سمیت 17ڈشز تیار کی گئی تھیں ، زیادہ تعداد دوسرے ملکوں سے آنیوالے سکھ یاتریوں کی تھی ۔ بھارت سے صرف562 مہمان آئے ۔