تاریخی دن پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں: وزیراعظم

Last Updated On 09 November,2019 12:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے تاریخی دن پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارے دل دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر پیغام میں کہا کہ راہداری خطے کے امن کیلئے ہماری کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، آنے والی نسل کا روشن مستقبل امن کی راہ میں پوشیدہ ہے، آج ہم راہداری کے ساتھ سکھ کمیونٹی کے لیے اپنے دل بھی کھول رہے ہیں، بابا گرو نانک کی سالگرہ پر اس پروگرام کی سکھ برادری کے لیے اہمیت کو مسلمان اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا مسلمان جانتے ہیں کہ مقدس مقامات کی زیارت کتنی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، پاکستان کا خیر سگالی کا یہ جذبہ سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے لیے ہمارے گہرے احترام کی عکاس ہے، سکھ برادری کی خواہش تھی کہ اپنے روحانی پیشوا کے مزار تک آسان رسائی سے مذہبی فرائض انجام دے سکیں، بین المذاہب ہم آہنگی ہمیں برصغیر کے لوگوں کے وسیع تر مفادات کے لئے کام کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
 

Advertisement