لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار اور بھارتی حکمران جماعت کے سیاستدان سنی دیول کرتار پور راہداری میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق بی جے پی کے ایم پی سنی دیول کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہ داری کھولے جانے کے موقع پر افتتاحی تقریب میں شریک کروں گا۔ پاکستان ان کا علاقہ اور ان کا گھر ہے اور اگر وہ وہاں نہیں جائیں گے تو اور کون جائے گا۔
یاد رہے کہ ہفتہ نو نومبر کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے صرف سنی دیول ہی نہیں پہنچ رہے بلکہ بھارت کی کئی جانی مانی شخصیات بھی اس تقریب کا حصہ ہیں جن میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ اور وزراء ہردیپ پوری اور ہرسمرت کاؤر بادل بھی میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
بھارتی اداکار سنی دیول جو بی جے پی کے رکن ہیں۔ کچھ عرصہ قبل سنی دیول نے سوشل میڈیا پر اپنے حلقہ انتخاب گرداسپور سے گردوارہ دربار صاحب کو جوڑنے والی کرتارپور راہداری کی تصاویر بھی پوسٹ کی تھیں۔ بھارت کی جانب سے تقریب میں شرکت کے لیے ساڑھے پانچ سو افراد کی فہرست پاکستان کو دی گئی تھی۔
کانگریس جماعت سے تعلق رکھنے والے سیاست دان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پہلے ہی اس تقریب میں شرکت کا اعلان کر چکے ہیں۔ تقریب پاکستان اور بھارت کی سرحد پر دونوں جانب ہو گی۔ اس راہ داری کا افتتاح پاکستانی وزیراعظم عمران خان کر رہے ہیں، جب کہ بھارت کی جانب سے اس راہ داری کے کھلنے کا اعلان وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کیا جائے گا۔
Punjab Chief Minister s Office (CMO): Gurdaspur MP, Sunny Deol (file pic) to also be a part of the official jatha that will attend the inauguration of the #KartarpurCorridor, on 9th November. pic.twitter.com/2ZcH0cpAkv
— ANI (@ANI) November 7, 2019