اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرتارپور راہداری پر بھارت کے انکار کے بعد پاسپورٹ اور رجسٹریشن کی شرط بحال کر دی گئی، بھارت کے اعتراض کے بعد خصوصی رعایت کو جاری نہیں رکھا جا سکتا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ممکن نہیں کہ بھارت پاسپورٹ چیک کرے اور پاکستان نہ کرے، پاکستان نے ایک سال کیلئے پاسپورٹ اور 10 روز قبل رجسٹریشن کی شرط ختم کی تھی، دونوں ممالک کی جانب سے یاتریوں کی فہرستوں کے تبادلے پر کام شروع ہوگیا۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا یاتری 3 انٹری پوائنٹس سے پاکستان میں داخل ہونگے، یاتری راہداری، واہگہ بارڈر اور دیگر ممالک سے پاکستان پہنچیں گے، تقریب میں منموہن سنگھ، نوجوت سدھو، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ شرکت کرینگے۔