کرتارپور راہداری کا افتتاح، نارووال میں ہفتے کو مقامی تعطیل ہوگی

Last Updated On 08 November,2019 09:36 pm

نارووال: (دنیا نیوز) کرتارپورراہداری کے افتتاح کے موقع پر نارووال میں مقامی سطح پر تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر وحید اصغر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ہفتے کو کرتارپور کوریڈور کا افتتاح کریں گے۔

 

خیال رہے کہ ایک سال کی قلیل مدت میں پاکستان نے دنیا بھر کی سکھ برادری کو کرتارپور راہداری کا تحفہ دے دیا ہے۔ وزیراعظم 9 نومبر کو افتتاح کریں گے، ہزاروں سکھ روزانہ یاترا کیلئے آئیں گے۔

 

18 اگست 2018ء کو وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپور راہداری کھولنے کی خوشخبری سنائی تھی۔ 28 نومبر 2018ء کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

14 مارچ کو اٹاری کے مقام پر پاکستان اور بھارت کے وفود کی سطح پر پہلے مذاکرات ہوئے اور 14 جولائی کو کرتار پور راہداری کے حوا لے سے واہگہ کے مقام پر اجلاس ہوا۔ دونوں ممالک کی ٹیکنیکل ٹیموں میں تین سے زائد ملاقاتیں ہوئیں اور انفراسٹرکچر پر اتفاق کیا گیا۔

30 ستمبر کو پاکستان نے سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی لیکن فی یاتری 20 ڈالرز فیس کے معاملے پر ڈیڈ لاک پیدا ہوا۔

21 اکتوبر کو بھارت نے پاکستان کی شرط مان لی اورر 24 اکتوبر معاہدے کی تاریخ طے پا گئی۔ 12 نومبر کو بابا گرونانک کا 550 واں جنم دن منایا جائے گا۔